20 اگست ، 2021
پاکستان کی محبت میں گرفتار مقبوضہ کشمیر کے بچوں نے بھارتی صحافی کو لاجواب کردیا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں چند بچوں کو بھارتی صحافی کے ساتھ مکالمہ کرتے اور پاکستان کے خلاف اکسانے کی کوشش پر کرارا جواب دیتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔
ویڈیو میں کشمیری بچوں نے صحافی سے گفتگو کے دوران بھارتیوں سے واپس چلے جانے کا مطالبہ کیا جب کہ پاکستان اور چین کو اپنا ساتھی قرار دیا۔
یہی نہیں بچوں کی جانب سے بھارتی صحافی سے گفتگو کے دوران ہم لے کر رہیں گے آزادی کے نعرے بھی لگائے گئے۔
چوہدری سرور نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج 70 سالوں سے بندوق سے لے کر ٹینک تک ہر طاقت استعمال کر رہی ہے، 95 ہزار کشمیری شہید اور ایک لاکھ 7 ہزار بچے یتیم ہوچکے ہیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ کشمیری بچوں کی پاکستان سے محبت اوربھارتی صحافی سے گفتگو ثابت کر رہی ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔