دنیا
Time 21 اگست ، 2021

بی جے پی رہنما صحافی کے سوال پر آگ بگولہ، طالبان کے پاس جانے کا مشورہ دیدیا

رام رتن پایل پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر آگ بگولا ہوگئے_____فوٹو: سوشل میڈیا
 رام رتن پایل پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر آگ بگولا ہوگئے_____فوٹو: سوشل میڈیا

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بھارت میں بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسی حوالے سے بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرِگردش ہے جس میں ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والے بھارتی سیاسی جماعت بی جے پی کے رہنما رام رتن پایل پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر آگ بگولا ہوگئے۔

صحافی نے پوچھا کہ بھارت میں پیٹرول کی قیمتیں شدید بڑھ چکی ہیں، اس حوالے سے کیا کہنا چاہیں گے۔

بی جے پی رہنما نے طنزیہ جواب دیا کہ تم طالبان کے پاس چلے جاؤ، افغانستان چلے جاؤ، وہاں سے بھروا کے لے آؤ، پیٹرول کی قیمت 50 روپے فی لیٹر ہے لیکن وہاں خریدنے والا کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم ہمارے ملک میں امن تو ہے، کورونا کی دو لہریں آچکی ہیں تیسری آنے کو تیار ہے اور آپ کو پیٹرول کی قیمت کی فکر ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے شہر ممبئی میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 107 بھارتی روپے ہے جب کہ دہلی میں فی لیٹر پیٹرول 101 فی لیٹر بھارتی روپے میں دستیاب ہے۔

مزید خبریں :