22 اگست ، 2021
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر افراتفری مچنے سے مزید 7 افغان شہری ہلاک ہوگئے۔
ملک سے فرار کیلئے کابل ائیرپورٹ پر افغان شہریوں کا ہجوم اب بھی موجود ہے اور افراتفری بھی برقرار ہے۔
برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز کابل ائیرپورٹ کے قریب افراتفری مچنے سے 7 افغان شہری ہلاک ہوگئے۔
برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اِس وقت کابل ائیرپورٹ کی صورتحال خراب ہے لیکن ہر ممکن کوشش کی جارہی کہ صورتحال کو زیادہ سے زیادہ محفوظ طریقے سے سنبھالا جائے۔
ترجمان برطانوی وزارت دفاع کا کہنا تھاکہ ہماری ہمدردیاں ہجوم میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اب تک کابل ائیرپورٹ پر 20 افغان شہری ہلاک ہو چکے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ برطانیہ افغانستان سے نکلنے والے افغان شہریوں کو پناہ دینے کیلئے پاکستان اور ترکی میں عارضی مراکز قائم کرنے پر غور کر رہا ہے۔
برطانوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ تمام لوگوں کو نکالنا ممکن نہیں اور 31 اگست کی ڈیڈ لائن کے بعد لوگوں کو خود سرحد پار آنا ہوگا۔