23 اگست ، 2021
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے قبضے کے بعد خواتین کے حجاب اور پگڑی کی فروخت اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے کابل پر کنٹرول کے بعد خواتین کے حجاب لینے یا کسی اور قسم کی پابندی عائد نہیں کی تاہم اس کے باوجود حجاب کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
کابل کے مقامی دکانداروں نے بتایا کہ طالبان کی واپسی سے قبل دن میں 4 سے 5 حجاب فروخت ہوتے تھے لیکن روزانہ کی بنیاد پر 20 حجاب فروخت ہونے لگے ہیں۔
دکانداروں نے بتایا کہ پہلے حجاب ایک ہزار افغانی روپوں میں فروخت ہوتا تھا لیکن اب اس کی قیمت 1200 افغانی روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کابل پر طالبان کنٹرول کے بعد پگڑی کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور پگڑی فروخت بھی دگنی ہوگئی ہے۔ مقامی دکانداروں کے مطابق طالبان کی آمد سے قبل روز 6 یا 7 پگڑیاں فروخت ہوتی تھیں لیکن اب یہ تعداد 2 درجن سے زائد ہوگئی ہے۔