دنیا
Time 24 اگست ، 2021

'پاکستان جا '، بھارت میں مسلمان شخص اور بچے پر تشدد کی ویڈیو وائرل

ویڈیو اسکرین گریب
ویڈیو اسکرین گریب

نئی دہلی: بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور ان سے برے سلوک کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں پانچ افراد کا ایک گروہ راجستھان کے ضلع اجمیر میں ایک مسلمان شخص کی پٹائی کرتے ہوئے اسے پاکستان جانے کے لیے کہہ رہا ہے۔

ویڈیو میں ایک ملزم متاثرہ  شخص کے ساتھ موجود لڑکے کے سر پر لات مارتا بھی نظر آ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں پانچ افراد ملوث تھے جنہیں حراست میں بھی لیا گیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو پولیس نے بتایا کہ انہیں 20 اگست کو ویڈیو ملی جس کے اگلے ہی دن پانچوں ملزمان 40 سالہ للت شرما، 32 سالہ سریندر ، 27 سالہ تیج پال، 32 سالہ روہت شرما اور 31 سالہ شیلیندر ٹانک کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو ایک دن بعد مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں سے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ تقریباً چار دن پہلے سبھاش نگر علاقے میں پیش آیا تاہم  ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔

اجمیر ساؤتھ کے سرکل آفیسر مکیش کمار سونی نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اگر متاثرہ شخص سامنے آکر شکایت درج کراتا ہے تو فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مزید خبریں :