26 اگست ، 2021
ہم آج تک اژدھے جیسے خوفناک جانور کو فلموں یا چڑیا گھر میں دیکھتے آئے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی تصور کیا ہے کہ اگر یہ خوفناک جانور کسی شاہراہ پر گزرتے ہوئے آپ کے سامنے آجائے توکیا ہو؟
حال ہی میں برازیل کی ایک سڑک پر عکس بند کیے گئے واقعے نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت زدہ کر دیا۔
فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر برازیل کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 10 فٹ لمبا اژدھا سڑک پر رینگ رہا ہے اور شاہراہ سے گزرنے والے افراد نے اسے دیکھ کر گاڑیاں روک دی ہیں تاکہ اژدھا بحفاظت گزر جائے۔
ویڈیو میں کئی افراد کو اژدھے کی ویڈیو اور اس کے ساتھ دور سے سیلفیز بناتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، بعدازاں اژدھاسڑک پر آرام سے رینگتا ہوا جھاڑیوں میں غائب ہو گیا جس کے بعد وہاں موجود لوگ بھی اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گئے۔