05 ستمبر ، 2021
مظفرگڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کرنے کے بعد مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیاگیا۔
پولیس کے مطابق لیڈی سب انسپکٹر ایک کیس کے سلسلے میں تھانہ صدر آ رہی تھیں کہ کار سوار ملزم نے انہیں اغوا کیا اور چمن بائی پاس کے قریب ایک باغ میں لے جاکر زیادتی کانشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سب انسپکٹر پر تشدد بھی کیا، لیڈی سب انسپکٹر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ لیڈی پولیس سب انسپکٹر کو اغوا کر کے تشدد کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کاشف کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر کے اغوا، اس پر تشدد اور اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا مقدمہ تھانہ سٹی میں درج کر لیا گیا ہے، مقدمے کی تفتیش کی نگرانی ڈی ایس پی تھانہ سٹی کریں گے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے مظفر گڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کے اغوا، تشدد اور مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔