Time 10 ستمبر ، 2021
کاروبار

ملک میں مہنگائی میں اضافہ، ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 13.64 فیصدہوگئی جب کہ کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح17.20 فیصد پرپہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 22 میں استحکام رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط57 روپے 85 پیسے مزید مہنگا ہوگیا جس سے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 1222 روپے7 پیسے ہوگئی۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے27 پیسے اضافہ ہوا جس سے قیمت 214 روپے 47 پیسے ہوگئی جب کہ گھی پونے 5 روپے مہنگا ہوا جس سے گھی کی اوسط قیمت 342 روپے 66 پیسے ہوگئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ پیاز کی فی کلوقیمت میں 11روپے 92 پیسے، ٹماٹر 11 روپے 36 پیسے، آلو 68 روپے،  لہسن 3 روپے 63 پیسے، دال مسور 3 روپے 65 پیسے، انڈے 6 روپے 29 پیسے اور بیف 6 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

اس کے علاوہ تازہ دودھ، دہی، مٹن، دال چنا، چاول اور دال ماش بھی مہنگی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 2 روپے 53 پیسے فی درجن سستے ہوئے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 49 روپے 70 پیسے سستا ہوا جب کہ چاول، دال مونگ اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

مزید خبریں :