10 ستمبر ، 2021
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نے 11 ستمبر کو افغانستان کی عبوری کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی۔
گزشتہ دنوں طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم ہوں گے جب کہ ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔
ان کے علاوہ بھی طالبان کی جانب سے وزرا اور اداروں کے سربراہان کی فہرست جاری کی گئی تھی۔
اس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ نئی افغان حکومت نائن الیون کے 20 سال مکمل ہونے کے روز حلف اٹھائے گی۔
تاہم اب روسی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے 11 ستمبر کو عبوری کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی ہے۔
دوسری جانب طالبان کے ثقافتی کمیشن کے رکن انعام اللہ سمنگانی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں 11 ستمبر کو تقریب حلف برداری کی خبر کو افواہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کابینہ کا اعلان منسوخ کیا گیا تھا اور پھر بعدازاں قیادت کی منظوری کے بعد نئی کابینہ کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
انعام اللہ سمنگائی کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور 11 ستمبر کو تقریب حلف برداری کی خبریں درست نہیں۔