13 ستمبر ، 2021
امریکا سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری نے اپنے اور اداکار اودے چوپڑا کے قریبی رشتے سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے سمیت کئی ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے گئے۔
نرگس نے بتایا کہ ’میں اور اودے ایک دوسرے کو 5 سال تک ڈیٹ کرتے رہے، ہمارا کافی قریبی تعلق تھا۔ اودے بھارت میں ملنے والا سب سے خوبصورت انسان تھا۔ میں نے یہ کبھی میڈیا کو نہیں بتایا کیونکہ لوگ مجھے ہمارا رشتہ خفیہ رکھنے کا مشورہ دیتے تھے۔‘
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’اب مجھے اس بات کا پچھتاوا ہے کہ مجھے پہاڑوں کی چوٹی پر چڑھ کر چیخ چیخ کر بتانا چاہیے تھا کہ میں اس خوبصورت انسان کے ساتھ رشتے میں ہوں۔ سوشل میڈیا بہت فیک ہے، یہاں لوگ وہ نہیں ہوتے جو دکھائی دیتے ہیں۔‘
امریکا میں مقیم نرگس نے بالی وڈ اور بھارت چھوڑنے کے بارے میں بتایا کہ صحت پر برے اثرات پڑنے کے باعث فلموں میں مزید کام کرنے کا ارادہ ترک کیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری نے 2011 میں رنبیر کپور کے ہمراہ فلم ’راک اسٹار‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 2014 میں ان سے متعلق خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ وہ اداکار اودے چوپڑا کے ساتھ رشتے میں ہیں لیکن ان خبروں کی دونوں نے تردید کردی تھی۔