پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2021

گجرات: کار پر فائرنگ، شوہر کے قتل اور بیوی کے اغوا کے واقعے میں نیا انکشاف

گجرات میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں مغوی لڑکی کے بھائی اور سابق شوہر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق گجرات میں سائیں راجہ پھاٹک کے قریب کارپر فائرنگ  کا واقعہ پیش آیا جس میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ حملہ آور کار سوار خاتون کو اغوا کرکے  ساتھ لے گئے۔

پوليس نے بتایا کہ کار سوارمیاں بیوی گجرات سے لاہور جارہے تھے جبکہ واقعے میں ڈرائیور محفوظ رہا۔

لڑکی کا اپنے رشتہ دار سے نکاح ہوا تھا تاہم رخصتی نہیں ہوئی تھی، پولیس

دوسری جانب کار پر فائرنگ کے واقعے میں لڑکی کے بھائی اور سابق شوہر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے لڑکی کے شوہر کو قتل کیا اور بعد میں لڑکی کو اغوا کرکے لےگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نجف لالہ موسیٰ اور مغوی لڑکی گجرات کی رہائشی ہے، لڑکی کا اپنے رشتہ دار سے نکاح ہوا تھا تاہم رخصتی نہیں ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق لڑکی ایک ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلی گئی اور مقتول نجف سے کورٹ میرج کرلی تھی، دونوں میاں بیوی آج ڈومیسائل بنوانے لاہور سے گجرات آئے تھے جہاں لڑکی کا بھائی اور اس کا سابق شوہر لڑکے کو قتل کرکے اسے ساتھ لے گئے۔

پولیس کاکہناہےکہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے ہیں اورملزمان کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :