Time 16 ستمبر ، 2021
کھیل

عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی چار رکنی ٹیم بیلجیئم روانہ

عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستان کی چار رکنی ٹیم میں 2 خواتین بھی شامل ہیں —فوٹو: جیو نیوز
عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستان کی چار رکنی ٹیم میں 2 خواتین بھی شامل ہیں —فوٹو: جیو نیوز

بیلجیئم میں 19 ستمبر سے شروع ہونیوالی عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی چار رکنی ٹیم کراچی سے بیلجیئم روانہ ہوگئی ہے۔

عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی  پاکستان کی چار رکنی ٹیم میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 19 ستمبر سے  26 ستمبر تک فلینڈرز میں جاری رہے گی جس میں پاکستان کی جانب سے خلیل امجد ، علی الیاس ، کنزہ ملک اور عاصمہ جان شریک ہوں گی۔

 یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی جانب سے 2 خواتین کھلاڑی بھی ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے اراکین جمعرات کی علی الصبح کراچی سے براستہ دبئی  بیلجیئم کیلئے روانہ ہوئے  جبکہ  شعیب نظامی بطور منیجر ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔

پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے اراکین جمعرات کی علی الصبح کراچی سے براستہ دبئی بیلجیئم کیلئے روانہ ہوئے جبکہ شعیب نظامی بطور منیجر ٹیم کے ساتھ موجود ہیں —فوٹو:جیونیوز
پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے اراکین جمعرات کی علی الصبح کراچی سے براستہ دبئی بیلجیئم کیلئے روانہ ہوئے جبکہ شعیب نظامی بطور منیجر ٹیم کے ساتھ موجود ہیں —فوٹو:جیونیوز

قومی سائیکلسٹس نے ایونٹ کی تیاری کیلئے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کی تھی، قومی کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹرینر کی آن لائن رہنمائی بھی حاصل رہی تھی ۔

ایونٹ میں روانگی سے قبل پاکستانی ایتھلیٹس نے ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سائیکلنگ کے کھیل کو سرکاری سرپرستی کی ضرورت ہے۔

عالمی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی انفرادی ٹائم ٹرائلز کے ایونٹ میں حصہ لیں گے ، 43.3 کلومیٹر ٹریک پر مشتمل مردوں کا آئی ٹی ٹی ایونٹ19 ستمبر کو جبکہ 30.3 کلو میٹر کا خواتین کا ٹائم ٹرائل ایونٹ 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

بیلجیئم  روانگی سے قبل جیو جیوز سے گفتگو میں عاصمہ جان کا کہنا تھا کہ ان کا کسی اور سے نہیں ، اپنے آپ سے مقابلہ ہوگا ، وہ اس چیمپئن شپ میں اپنے ریکارڈز کو بہتر کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں گی۔

مزید خبریں :