17 ستمبر ، 2021
سیالکوٹ میں خاتون سے 5 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی اور اغوا کا کیس کا ڈراپ سین ہوگیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہےکہ خاتون کو کسی نے اغوا کیا اور نہ ہی زیادتی ثابت ہوئی، شوہر نے من گھڑت کہانی بنا کرمقدمہ درج کرایا۔
ڈی پی او کے مطابق لوگوں کوبلیک میل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی تھی اور تفتیش کے بعد خاتون نے عدالت میں بھی اعتراف جرم کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ میاں بیوی کے خلاف قانون کے مطابق دفعہ 182 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہےکہ سیالکوٹ میں 14 ستمبر کو خاتون کا مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کا کیس رپورٹ ہوا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ پیٹرول پمپ کے باہر شوہر کے انتظار میں کھڑی خاتون کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔