پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2021

تین دہشتگرد گروپ اب بھی افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے تاجک صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی: فوٹو وزیراعظم ہاؤس
وزیراعظم عمران خان نے تاجک صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی: فوٹو وزیراعظم ہاؤس

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ تین دہشتگرد گروپ اب بھی افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔

تاجک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او کے انعقاد پر تاجک صدر کو مبارک باد دیتا ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان اہم گفتگو اور افغان صورتحال سے متعلق بات ہوئی، تاجکستان کے ساتھ تجارت، سیاحت، اطلاعات اور ادویہ سازی سمیت مختلف شعبوں پر بھی بات ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پنجشیر کی صورتحال پر فکر ہے، پاکستان اور تاجکستان پنجشیر معاملہ مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، پنجشیر میں تاجک اور طالبان کے درمیان معاملے کے پر امن حل کے لیے ثالثی پر بات ہوئی ہے، صدر امام علی رحمان تاجک گروپوں پر جب کہ پاکستان پشتون گروپوں پر اثرورسوخ استعمال کرے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان میں امن نا صرف پاکستان اور تاجکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، 3 دہشتگرد گروپ اب بھی افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے دورے کا مشترکہ اعلامیہ

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاجکستان کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان تاجکستان نے توانائی کے منصوبوں کو مشترکہ مفاد اور تعاون کے تحت بنانے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ممالک نے ہائیڈرو پروجیکٹس اور ٹرانسمیشن لائنز مشترکہ سرمایہ کاری سے بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور تاجکستان نے صحت، فارماسیوٹیکل، میڈیکل، قدرتی آفات اور ایمرجنسی سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، پاکستان اور تاجکستان نے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید خبریں :