18 ستمبر ، 2021
طالبان کے سینیئر رہنما اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد کورونا کیسز کی شرح میں ڈرامائی طور پر کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ روز انس حقانی نے کابل میں صحافیوں سے ملاقات کی اور اس میں دعویٰ کیا کہ افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد کابل میں کورونا مثبت کیسز کی شرح صفر ہوگئی ہے۔
صحافی کی جانب سے ٹوئٹ پر انس حقانی نے بھی ٹوئٹ کی اور ایک بار پھر اپنے دعوے کو دہرایا کہ طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان میں کورونا کیسز کی شرح میں ڈرامائی طور پر کمی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملک میں جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بھی صفر ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو کابل کا کنٹرول سنبھالا تھا اور گزشتہ دنوں ہی عبوری حکومت کا اعلان کیا ہے۔