20 ستمبر ، 2021
بالی وڈ میں ’بے بو‘ کے نام سے پکاری جانے والی اداکارہ کرینہ کپور کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ انڈسٹری کو لاتعداد سپر ہٹ فلمیں دینے والی کرینہ سے بھی ماضی میں ایسی غلطیاں سرزد ہوئیں جن پر انہیں یقیناً بچھتاوا ہوا ہوگا۔
آج ہم آپ کو ان 5 سپر ہٹ فلموں کے بارے میں بتائیں گے جن میں کرینہ کپور کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے یہ فلمیں کرنے سے انکار کردیا۔
کہو نا پیار ہے
سن 2000 میں ریلیز ہونے والی ہریتھک روشن کی ڈیبیو فلم ’کہو نا پیار ہے‘ میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا، اداکارہ نے فلم کے کچھ سین بھی عکس بند کروائے لیکن بعد میں انہوں نے فلم کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد اداکارہ امیشا پٹیل سے رابطہ کرکے انہیں کاسٹ کیا گیا۔
کرینہ کپور خان نے شوٹنگ کے دوران فلم سے انکار کیوں کیا اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
کل ہو نا ہو
ایک اور بڑی فلم ’کل ہو نا ہو‘ میں پریتی زنٹا کا کردار کرینہ کو آفر کیا گیا تھا لیکن اداکارہ فلم کے معاوضے پر ناخوش تھیں اور انہوں نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد پریتی کو شاہ رخ خان اور سیف علی خان کے ہمراہ فلم میں کاسٹ کیا گیا۔
فیشن
اداکارہ کنگنا رناوت اور پریانکا چوپڑا کی فلم فیشن کیلئے بھی کرینہ کپور خان سے رابطہ کیا گیا تھا، انہیں پریانکا کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی تاہم شوٹنگ کے اوقات کار سخت ہونے کے باعث انہوں نے یہ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
نو ون کِلڈ جیسیکا
راج کمار گپتا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نو ون کِلڈ جیسیکا کیلئے بھی کرینہ کپور خان پہلا انتخاب تھیں، اداکارہ کو جیسیکا کا کردار نبھانا تھا لیکن کرینہ کے مطابق وہ کردار کو سمجھ نہیں پائیں اس لیے انہوں نے اسے کرنے سے منع کیا۔
دیوداس
شاہ رخ، ایشوریا رائے اور مادھوری کی یادگار فلم دیوداس کیلئے بھی کرینہ کو کاسٹ کیا گیا تھا تاہم اس فلم میں کچھ مختلف ہوا اور وہ یہ کہ فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلال بھنسالی نے کرینہ کو بتائے بغیر ان کی جگہ دوسری اداکارہ کو کاسٹ کرلیا۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کرینہ کو مادھوری کے کردار میں آنا تھا یا ایشوریا رائے کے کردار میں۔