Time 20 ستمبر ، 2021
کھیل

شعیب اختر دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انگلینڈ پر برس پڑے

سابق کرکٹر شعیب اختر نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر انگلینڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شعیب اختر کا کہنا تھاکہ انگلش ٹیم کی دورہ منسوخی کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ تھا، یہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اور امریکا کے باہمی تعاون کے ساتھ کیا گیا فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ طے پاچکا تھاکہ پاکستان کا بیانیہ خراب کرنا ہے اور کردیا ہے، یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں، پہلے دیکھ تو لیں پاکستان میں حالات کیا ہیں؟

شعیب اختر کا کہنا تھاکہ میری خواہش تھی کہ کاش انگلینڈ پاکستان آجائے اوریہ بیانیہ دے سکیں کہ پاکستان محفوظ ملک ہے لیکن انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ کو فوجی نکالنے ہوتے ہیں تو پاکستان سے زیادہ کوئی اچھا ملک نہیں ہوتا اور جب فلائٹ نہ مل رہی ہو تو پی آئی اے سے زیادہ اچھی فلائٹ نہیں ملتی، جب ضرورت پڑتی ہے تو ہماری سب اچھا ہوجاتا ہے اور جب ضرورت نہیں رہتی پھر ہمارا سب کچھ برا ہوجاتا ہے۔ 

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھاکہ پی سی بی کو اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے، اپنی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس سے کچھ دیر قبل دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :