پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2021

افغانستان میں لڑکیوں کو اسکول جانے سے روکنا غیر اسلامی ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغانستان میں لڑکیوں کو اسکول جانے سے روکنا غیر اسلامی ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں جامع قیادت اور انسانی حقوق کے احترام پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دہشتگردوں کی جائے پناہ کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پاکستان کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو مزید وقت دینا چاہیے، ان سے متعلق کچھ کہنا بہت جلدی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغانستان میں لڑکیوں کو اسکول جانے سے روکنا غیر اسلامی ہوگا۔

انہوں نے افغانستان میں خواتین کو حقوق ملنے کی بھی توقع ظاہر کی اور کہا کہ افغانستان کی خواتین مضبوط ہیں، دنیا انہیں وقت دے  وہ خود اپنے حقوق لے لیں گی یہ حقوق لینے میں انہیں ایک دو یا تین سال لگ سکتے ہیں، طالبان کہہ چکے ہیں کہ خواتین کو قومی دھارے میں مرحلہ وار شامل کریں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے سے متعلق پڑوسی ممالک کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا، تمام پڑوسی ممالک بیٹھیں گے، دیکھتے ہیں اس حوالے سے کیا پیشرفت ہے، پھر انہیں تسلیم کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا جو ایک مجموعی فیصلہ ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے طالبان پر زور دیا کہ وہ ایک جامع حکومت تشکیل دیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو افغانستان کے خانہ جنگی کی طرف جانے کا خدشہ ہوسکتا ہے، اگر طالبان تمام گروپوں کو شامل نہیں کرتے تو جلد یا بدیر وہاں خانہ جنگی ہوگی جس کا مطلب عدم استحکام اور شورش ہوگا جب کہ غیر مستحکم افغانستان دہشتگردوں کے لیے ایک آئیڈیل مقام ہے جو پریشان کن ہے۔

مزید خبریں :