21 ستمبر ، 2021
محکمہ صحت پنجاب نے صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹوں اور بازاروں کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے اور اتوار کو چھٹی ہوگی جبکہ انڈور ڈائننگ 50 فیصد ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ رات 12 بجے تک اور آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی رات 12 بجے تک جاری رہ سکے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان ڈور شادی تقریبات میں صرف ویکسینیٹڈ 200 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی اور آؤٹ ڈور شادی تقریبات میں 400 افراد شریک ہوسکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں مزارات بھی 23 ستمبر سے کھل جائیں گے تاہم 30 سال سے زائد عمر کے ویکسینیٹڈ افراد مزاروں پر جاسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سنیما گھروں پر مکمل پابندی برقرار رہے گی جبکہ کانٹیکٹ اسپورٹس فیسٹولز اور سماجی تقریبات پرپابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جم صرف ویکسینیٹڈ افراد آسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی و سرکاری دفاتر 100 فیصد عملے کے ساتھ معمول کے مطابق کام کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہرقسم کی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کی گنجائش کے ساتھ چلے گی جبکہ ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق واٹر اسپورٹس اور تفریحی مقامات بھی 50 فیصدگنجائش کے ساتھ کھل سکیں گے جبکہ 23 ستمبر سے صوبے بھر میں ان احکامات کایکساں نفاذ ہو گا۔