21 ستمبر ، 2021
اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اپوزیشن میں تھے تو وقت کے حکمران کے احتساب کے لیے حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی مثالیں دیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک عام پاکستانی پوچھ رہا ہے کہ خان صاحب کو بیرون ملک سے کیا تحائف ملے؟ لیکن آج ریاست مدینہ جیسی مثالی ریاست قائم کرنے کی دعوے دار عمرانی سرکار وہ تفصیلات دینے سے صاف انکار کر رہی ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ کیا تحائف کو خفیہ قرار دینا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی خلاف ورزی تو نہیں ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ ویسا ہی توشہ خانے کے تحائف کا معاملہ نہیں؟ جس کے ریفرنس دو سابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر پر چل رہے ہیں؟