Time 22 ستمبر ، 2021
پاکستان

وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی میں پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کے خدشے کا اظہار

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

 ان کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو تماشائیوں کے بغیر میچ کی پیشکش کی گئی تھی، کیوی ٹیم کو بس کے بجائے کیوی ہیلی کاپٹر سے اسٹیڈیم پہنچانے کی آفر بھی کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہو سکتا ہے ان کے پاس کوئی معلومات ہو جو وقت کے ساتھ سامنے آجائے گی۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا ہو سکتا ہے کسی پڑوسی ملک نے پاکستان کو زک پہنچانے کے لیے کوئی ناٹک رچایا ہو لیکن فی الحال کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے کچھ دیر قبل سکیورٹی وجوہات کو جواز بناتے ہوئے اسٹیڈیم نہ جانے کا اعلان کیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز منسوخ ہو گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ ختم کرنے کو سازش قرار دیا جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :