پاکستان
Time 22 ستمبر ، 2021

ٹیم کو اس نہج پر لیجائیں کہ ہر کوئی اس سے کھیلنےکو ترسے، وزیراعظم کی رمیز راجہ کو ہدایت

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجہ نے ملاقات کی اور  وزیراعظم کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل قومی کرکٹرز نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں چیئرمین پی سی بی بھی شامل تھے تاہم رمیز راجہ نے علیحدہ بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو دونوں ملکوں کے بورڈ کے سربراہان سے رابطوں پر بھی بریفنگ دی، وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو دوروں کی منسوخی پر معذرت خواہانہ رویہ نہ رکھنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اس نہج پر لے جائیں کہ ہرکوئی اس کے ساتھ کھیلنےکو ترسے۔

وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو بورڈکا ازسر نو جائزہ لینےکی ہدایت کی اور  پی سی بی میں پروفیشنل افراد کو لانےکی ہدایت کی، وزیراعظم نے اسکول اور کلب کرکٹ سمیت  علاقائی کرکٹ کو ترجیحی بنیاد پر فروغ دینےکی ہدایت کی۔

ذرائع نےبتایا ہے کہ وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کو روڈ میپ بھی دیا اور کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو اتنا مضبوط بنائیں کہ وہ بین الاقومی معیار سے کم نہ ہو، وزیراعظم نےکھلاڑیوں کو ہر ممکن مراعات دینےکی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں :