عمر شریف کی طبیعت میں بہتری ، سی سی یو سے پرائیویٹ وارڈ میں منتقل

والد عمر شریف کو سی سی یو سے پرائیوٹ وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے:بیٹا عمر شریف —فوٹوفائل
والد عمر شریف کو سی سی یو سے پرائیوٹ وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے:بیٹا عمر شریف —فوٹوفائل

معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے والد کی طبیعت میں بہتری کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیاہے۔

عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے والد عمر شریف کی طبیعت کو سنبھال رکھا ہے، والد کو سی سی یو سے پرائیوٹ وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جواد عمر کا کہنا تھا کہ ائیر ایمبولینس آنے میں مزید ایک سے 2 دن لگ سکتے ہیں، ائیر ایمبولینس کے آنے کے بعد والد علاج کے لیے امریکا روانہ ہو جائیں گے۔

دوسری جانب عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا لے جانےوالی ائیر ایمبولینس کمپنی کی بھی ایک ای میل موصول ہوئی ہے۔

ای میل کے مطابق عمر شریف کی فیملی کا کوئی فرد ائیر ایمبو لینس میں سفر نہیں کر سکے گا جبکہ ائیر ایمبو لینس کو واشنگٹن تک پہنچنے کے لیے 2 مقامات پر اسٹاپ کرنا ہوگا۔

ذرائع کینیڈین کمپنی کے مطابق اسٹاپ اوور کے ائیرپورٹس پر لینڈنگ کے لیے تمام مسافروں کے ویزا ہونا ضروری ہیں لیکن اسٹاپ اوور ائیرپورٹ ملک میں مریض کو ویزے سے استثنیٰ حاصل ہوتا ہے۔

کمپنی کی ای میل میں کہا گیا ہے کہ مریض کے ساتھ سفرکرنے والوں کے لیے یورپ اورکینیڈا کے ویزے ہونے چاہئیں۔

عمر شریف کے خاندان کے افراد کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے

دوسری جانب اس حوالے سے سندھ حکومت کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر ایمبولینس آنے کے لیے دیے گئے 5 میں سے 3 دن رہ گئے ہیں، وقت کم ہے، ویزے فوری طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے خاندان کے چاروں افراد اپنے طور پر کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے۔

مزید خبریں :