24 ستمبر ، 2021
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کیٹیگری سی ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی برقرار رہے گی۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ سی کیٹیگری ممالک کے مسافروں کو پاکستان آمد کیلئے خصوصی اجازت نامہ درکار ہوگا جبکہ کیٹیگری سی میں ایران، عراق، ایتھوپیا، تھائی لینڈ، جنوبی افریقا سمیت 12 ممالک شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری اے اور بی سے پاکستان آنے والے مسافروں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا اور مسافروں کو پاکستان پہنچنے پر قرنطینہ کی شرط پر بھی عمل کرنا ہوگا۔
سی اے اے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئی سفری پابندیوں میں 31 اکتوبرتک توسیع کی ہے۔