25 ستمبر ، 2021
کسٹمز نے کراچی ائیرپورٹ پر قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق جناح ٹرمینل پرانٹرنیشنل میل آفس کسٹمز نے بڑی کارروائی کی ہے جہاں متحدہ عرب امارت سے آئے پارسل سے بڑی مقدار میں قیمتی پتھر برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ برآمد کیے گئے قیمتی پتھروں کی مالیت ایک کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ قیمتی پتھروں میں زمرد، مرجان، یاقوت، مون اسٹون، اوپک، فیروزہ اور نجف شامل ہیں۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق پارسل ایک خاتون کے نام تھا اور اسے ٹیکسٹائل مٹیریل ظاہر کیا گیا تھا، اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ رواں ہفتے کراچی ائیر پورٹ پر کسٹمز کی دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل پہلی کارروائی میں بڑی مقدار میں ہیروں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی۔