پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2021

ہم سب متفق ہیں کہ ہمارےگھر اور جماعت کا سربراہ صرف نواز شریف ہے: مریم

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ حمزہ شہباز بہت اچھا انسان لیکن ہماری سوچ ،آرا اور طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے جب کہ ہم سب متفق ہیں کہ ہمارےگھر اور جماعت کا سربراہ صرف نواز شریف ہے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی میٹنگ سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ڈکٹیٹر شپ کے دور سے زیادہ برے حربے استعمال ہوئے لیکن تمام حربوں کے باوجود الحمد اللہ ہمیں بڑی کامیابی ملی جب کہ کشمیر کے الیکشن میں ہم ٹی وی پر ہرادیے گئے تھے، حکمران جماعت نے 6 لاکھ اور ہم نے 5 لاکھ ووٹ لیا، مخالفین الیکشن جیتنے کے بعد بھی سر جوڑ کر بیٹھے انہیں یہ اپنی فتح نہیں شکست لگی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے ایک پیج پر ہونےکے باوجود ان کا ایک ہی وعدہ پورا ہواکہ میں قوم  کو رلاؤں گا، ایسی حکومت بنادی ہے جو قوم کے اور ان کے ساتھ نہیں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے لیے دعاگو ہوں، حمزہ شہباز بہت اچھا انسان لیکن ہماری سوچ ،آرا اور طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے، ہم سب متفق ہیں کہ ہمارےگھر اور جماعت کا سربراہ صرف نواز شریف ہے، دل سے شہبازشریف کی خدمات کی معترف ہوں، اگر شہباز شریف کی حکومت ہوتی تو ادویات گھروں میں مل رہی ہوتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو بند کیا جاتا ہے اور مخالفین کو دبایا جاتا ہے، آج میڈیاکے لوگ نوکریوں سے گئے، وہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ڈٹ کر نواز شریف کی مخالفت کی لیکن کبھی زبان بندی نہیں ہوئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے چند افراد پر تنقیدکی،  ادارے پر نہیں،  یہ تنقید کسی ذاتی مفادیا غصےکی وجہ سے نہیں نظریےکی وجہ سے ہے۔

مزید خبریں :