Time 27 ستمبر ، 2021
کھیل

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دینے کے قریب

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نیپال کی داولا گیری پیک سر کرنے کیلئے کیمپ ٹو پر پہنچ چکے ہیں: فوٹو سرباز خان انسٹاگرم
پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نیپال کی داولا گیری پیک سر کرنے کیلئے کیمپ ٹو پر پہنچ چکے ہیں: فوٹو سرباز خان انسٹاگرم

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نیپال کی داولا گیری پیک سر کرنے کیلئے کیمپ ٹو  پر پہنچ چکے ہیں اور  اگلے 2 روز میں وہ اس چوٹی کو سر کرلیں گے جس کے بعد سرباز 8 ہزار میٹر بلندی کی 9 مختلف چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی کو ہ پیما بن جائیں گے۔

دنیا میں موجود 8 ہزار  میٹر بلند 14 چوٹیوں کو سر کرنا ہر کوہ پیما کا خواب ہوتا ہے اور  اب تک 44 کے لگ بھگ کوہ پیما ہی ان چوٹیوں کو سرکرنے میں کامیاب رہے ہیں جس میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔

سرباز اب تک8 ہزار میٹر بلند8 مختلف چوٹیوں کو سرکرچکے ہیں —فوٹو: سرباز خان  انسٹاگرام
سرباز اب تک8 ہزار میٹر بلند8 مختلف چوٹیوں کو سرکرچکے ہیں —فوٹو: سرباز خان  انسٹاگرام 

 ہنزہ سے تعلق رکھنے والے 32  سالہ سرباز خان کی نظریں ان تمام چوٹیوں کو سر کرنے پر ہیں۔

سرباز اب تک 8 ہزار میٹر بلند 8 مختلف چوٹیوں کو سرکرچکے ہیں اور اب نویں چوٹی سر کرنے کیلئے نیپال کی داولاگیری  پیک کے کیمپ ٹو پر پہنچ چکے ہیں۔

سرباز نے گزشتہ روز بیس کیمپ سے سفر شرو ع کیا اور موسمی دشواریوں کو برداشت کرتے ہوئے 6 ہزار میٹر پر کیمپ ٹو تک پہنچے جہاں وہ آج قیام کریں گے  اور موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے منگل کو مہم دوبارہ شروع کریں گے۔

بیس کیمپ سے روانگی کے وقت سرباز خان نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ 30 ستمبر سے قبل داولا گیری پیک کو سر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

داولاگیری سر کرنے کے بعد سر باز خان 8 ہزار میٹر کی 9 مختلف چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے جب کہ وہ اس سے قبل نانگا پربت، کے ٹو، لوٹسے، براڈ پیک، مناسلو، اناپورنا، ایوریسٹ اور گشیربرم ٹو بھی سر کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :