28 ستمبر ، 2021
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، اسلام آباد میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 217 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 شہری ڈینگی سے بیمار ہوئے،اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں ہی ڈینگی سے بیمار ہونے والے افراد کی تعداد 78 ہے ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے بیمار ہونے والے 217 افراد اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں بڑی تعداد ہولی فیملی ، بے نظیر بھٹو اسپتال اور پمز میں زیر علاج ہیں۔
ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقے ڈینگی سے زیادہ متاثر ہیں ،اس وقت دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 152 اور شہری علاقوں میں 65 افراد بیمار ہیں۔
ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں ترلائی میں 78 ، کورال 33، علی پور13 اور ترنول میں 14 افراد بیمار ہیں ۔
ڈینگی وائرس صاف پانی میں پرورش پاتا ہے، گھر اور گھر کے باہر صاف پانی جمع نہ ہونے دیں، احتیاط کریں۔