30 ستمبر ، 2021
پاکستانی اداکار اورکامیڈین عمرشریف کو جرمنی کے اسپتال میں نمونیہ ہوگیا ہے اور ان کی آج ممکنہ طور پر امریکا روانگی مؤخر کیے جانے کا خدشہ ہےجبکہ انہیں علاج کیلئے نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔
امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب نے جیو ٹی وی کو بتایا کہ اسپتال میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے عمر شریف کو مزید دو دن تک زیر علاج رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے اور ان کا بخار ختم ہوگیا ہے جبکہ بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے ،ان کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔ اسپتال ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں انہیں نمونیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے لیے انہیں اینٹی بائیٹک دوا شروع کرادی گئی ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کیلئے اگلا سفر کرایا جائے گا۔
امریکی معالج اور معروف پاکستانی اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو مزید 2 دن تک زیر علاج رہ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سے امریکا کے لیے روانگی کے بعد پہلے اسٹاپ نیورمبرگ جرمنی میں عمر شریف کو ہلکے بخار اور تھکاوٹ کی وجہ سے اسپتال میں ریسٹ کے لیے لے جایا گیا تھا، پھر اس دوران ائیرایمبولینس میں معمولی نقص کی وجہ سے متبادل طیارے کا انتظار کیا جارہا تھا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق متبادل طیارہ فراہم کر دیا گیا تھا ائیرایمبولینس نے جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے اگلے سفر پر روانہ ہونا تھا مگر نئی صورتحال میں یہ سفر مؤخر ہوتا نظر آرہا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق جرمنی کے نیورمبرگ اسپتال کے ڈاکٹروں کی اجازت سے ہی عمر شریف کو اگلا سفر کرایا جائے گا۔
اگلے سفر کی اجازت ملتی ہے تو نیورمبرگ سے روانگی کے بعد لگ بھگ ساڑھے 7 گھنٹے کے سفر کے بعد ائیر ایمبولینس آئس لینڈ کے کیفلاوک ائیر پورٹ پر اسٹاپ اوور کرے گی اور طیارے کی ری فیولنگ ہوگی جبکہ ممکنہ طور پر مریض کو ریسٹ کرایا جائے گا۔
ائیر ایمبولینس کمپنی ذرائع کے مطابق کیفلاوک سے آن کال انٹرنیشنل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کینیڈا کیلئے روانگی کا فیصلہ عمر شریف کی صحت دیکھ کر کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کینیڈا کے گوس بے ائیرپورٹ پر بھی طیارے کا 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور شیڈول پر ہے۔
اگلے اور آخری مرحلے میں پرواز حتمی منزل واشنگٹن ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گی اور پھر ائیر ایمبولینس سے عمرشریف کو امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا جائےگا۔