Time 10 اکتوبر ، 2021
پاکستان

ڈاکٹر عبدالقدیر خان مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام انتظامات اہلخانہ کے ساتھ ملکر کرنے کا حکم دے دیا ہے اور قومی ہیرو کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر  فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی سائنسدان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں ہی کی جائے گی۔ 

وزیراعظم کی تمام وزراء کو جنازے میں شرکت کی ہدایت 

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وزراء کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔  اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی نماز جنازہ میں شرکت کرے گی،  فیصل مسجد میں عام افراد کوبھی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

ڈاکٹر قدیر خان کی تدفین سے متعلق فیملی کے فیصلے پر عمل کریں گے: شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ بہت ہی تھوڑے وقت میں جنازے کے انتظامات کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر قومی پرچم سرنگوں رہےگا اور دو قبریں تیارکی جا رہی ہیں، ایک ایچ 8 قبرستان اور دوسری فیصل مسجد کے  احاطے میں، تدفین سے متعلق جو فیصلہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی فیملی کرے گی اس پر عمل کریں گے۔

قبل ازیں اسلام آباد کی انتظامیہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے انتظامات بھی شروع کر دیے گئے تھے۔ 

مزید خبریں :