دنیا
Time 12 اکتوبر ، 2021

جرمنی کی سب سے بڑی مسجد میں نماز جمعہ کی اذان کیلئے لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت

لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دی گئی: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو رائٹرز
لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دی گئی: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو رائٹرز

جرمنی کی سب سے بڑی مسجد میں نماز جمعہ کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت دے دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے چوتھے بڑے شہر کولون میں واقع ملک کی سب سے بڑی مسجد میں نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

ملک کی سب سے بڑی مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دی گئی ہے جس میں انتظامیہ نے اس حوالے سے پابندیوں میں نرمی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے معاہدے کے تحت کولون شہر کی تمام 35 مساجد میں نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہوگی۔

کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان دو سال کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جمعہ کے روز دوپہر بارہ سے تین بجے تک پانچ منٹ کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دی جاسکے گی۔

میئر کولون نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مؤذن کو اذان کی اجازت دینا ان کے لیے احترام کی علامت ہے۔

واضح رہےکہ جرمنی میں تقریباً 4.5 ملین مسلمان آباد ہیں جو ملک کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں۔

مزید خبریں :