دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2021

افغانستان میں عراق اور شام سے عسکریت پسند آرہے ہیں، پیوٹن

روسی صدر پیوٹن نے خبردار کیا ہےکہ عراق اور شام سے عسکریت پسند افغانستان آرہے ہیں ، خدشہ ہے دہشت گرد پڑوسی ریاستوں میں صورتِ حال غیر مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کےمطابق روسی صدرپیوٹن نے گزشتہ روزماسکو میں انرجی فورم سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے افغان عوام کی روایات ، ثقافت اور تاریخ کی خلاف ورزی کرتے  ہوئے  افغانستان میں مداخلت کی ،جس کے افسوس ناک نتائج نکلے۔

اس کے علاوہ روسی صدر نے سابق سوویت ریاستوں کی سکیورٹی سروس کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کی صورت حال آسان نہیں ہے،عراق اور شام سے عسکری کارروائیوں کا تجربہ رکھنے والے شدت پسندوں کو وہاں بھیجا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہےکہ دہشت گرد پڑوسی ریاستوں میں صورت حال کو غیر مستحکم کرنےکی کوشش کریں اور وہ براہ راست انتہا پسندی پھیلانے کی کوشش کریں۔

گذشتہ ہفتے افغانستان کے لیے روس کے سفیر ضمیر کابلوف نے کہا تھا کہ روس 20 اکتوبر کو افغانستان پر ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات کے لیے طالبان کو ماسکو مدعو کرےگا۔

مزید خبریں :