14 اکتوبر ، 2021
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے یو اے ای روانگی سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آخری ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کل صبح گیارہ بجے چارٹر طیارے سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا قذافی اسٹیڈیم میں آج دوسرا اور آخری سیناریو میچ رکھا گیا لیکن اسے پھر ٹریننگ سیشن میں تبدیل کر دیا گیا۔
تین گھنٹے کے ٹریننگ سیشن کا آغاز معمول کی وارم اپ ایکسرسائزز سے ہوا، فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں ہوئیں۔
کھلاڑیوں نے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی نگرانی میں ٹریننگ کی۔ سینٹر کی پچز میں سے فاسٹ بولرز اور اسپنرز نے الگ الگ پچز پر بیٹسمینوں کو بولنگ کی جبکہ بائیں طرف دو پچز تھرو ڈاؤن کے لیے مخصوص تھیں جہاں بیٹسمینوں نے باری باری بیٹنگ کی۔
اس دوران فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے کھلاڑیوں کو الگ الگ فیلڈنگ کی پریکٹس کرائی جبکہ وکٹ کیپرز بھی ٹریننگ کرتے دکھائی دیے۔
دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن کے ساتھ ہی قومی اسکواڈ کی پاکستان میں تیاریاں مکمل ہو گئیں۔
اسکواڈ کل صبح 11 بجے یواے ای روانہ ہوگا۔ پاکستان میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کیخلاف کھیلے گا۔