16 اکتوبر ، 2021
پاکستانی اداکارہ زرنش خان معروف اداکارہ میرا کی انگریزی کا مذاق اڑانے والوں پر برہم ہوگئیں۔
میرا کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے جو حال ہی میں ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کا ہے۔
ویڈیو کلپ میں میرا ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولتی ہوئی نظر آئیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ڈھیروں میمز بنا ڈالے۔
تاہم اس واقعے پر اداکارہ زرنش خان نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی اور میرا کا مذاق اڑانے والے تمام صارفین کو انگریزی کے مقابلے کا کھلا چیلنج دے دیا۔
اداکارہ نے ناقدین کو فارغ لکھتے ہوئے مخاطب کیا کہ مجھے پورا یقین ہے وہ تمام لوگ جو اس طرح کی ویڈیوز اور میمز بناتے ہیں وہ خود بیوقوف ہیں، جنہیں انگریزی تو کیا اپنی زبان بھی بمشکل آتی ہوگی۔
زرنش نے کہا کہ آپ کو کوئی حق نہیں کہ آپ کسی کی شخصیت کا مذاق اڑائیں، اگر مِیرا انگریزی اچھی نہیں بول سکتیں تو کیا یہ جرم ہے؟
انہوں نے میمرز اور ناقدین سمیت میرا کا مذاق اڑانے والے تمام افراد کو چیلنج دیا اور لکھا کہ آپ اس زبان کو کتنی اچھی طرح جانتے ہیں؟ کیا آپ کھلے چیلنج کے لیے تیار ہیں؟ میں شرط لگاتی ہوں کہ آپ میں سے کوئی انگریزی بولنے میں ماہر نہیں، براہِ کرم! دوسروں کا مذاق اُڑانا بند کردیں۔