پاکستان
Time 20 اکتوبر ، 2021

پیٹرول 30 روپے مہنگا کردیا تو آئی ایم ایف سے مذاکرات میں کیسی کامیابی؟ مفتاح اسماعیل

عمران خان نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا، اس کا برا حال ہوگیا ہے، سابق وزیر خزانہ کی تنقید— فوٹو:فائل
عمران خان نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا، اس کا برا حال ہوگیا ہے، سابق وزیر خزانہ کی تنقید— فوٹو:فائل

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سوال اٹھایا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایک ارب ڈالرز لانے کیلئے پیٹرول مزید 30 روپے مہنگا کردیا توکیسی کامیابی؟

کراچی میں مسلم لیگ ن ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ حکومت ایکسپورٹ بڑھانے میں ناکام رہی، امپورٹ کم جارہی ہے، تین ماہ میں خوراک میں 12 فیصد مہنگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد مہنگائی ہوئی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ بجلی مہنگی ہوگئی ہے، گیس کا بحران آنے والا ہے، گیس 141 فیصد مہنگی ہے، 60 فیصد قرضہ بڑھا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے دو کروڑ شہریوں کا اضافہ ہوا ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ عمران خان نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا، اس کا برا حال ہوگیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالرز لانے کیلئے پیٹرول مزید 30 روپے مہنگا کردیا توکیسی کامیابی؟  جس حساب سے پیٹرول اوربجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں کیا لوگوں کی تنخواہیں بھی اسی طرح بڑھ رہی ہیں؟ 

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے سامنے پاکستان کا کیس خراب ہو رہا ہے، عام آدمی کے پاس بجلی کے بل کے پیسے نہیں،بچوں کیلئے کھانا نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کی وزارتوں اور محکموں میں دخل اندازی میں اضافہ ہوگیا ہے، آڈیٹرجنرل کا آئی ایم ایف سےکورونا اخراجات کے آڈٹ سے متعلق اہم نتائج شیئرکرنا حیرت انگیز ہے۔

مزید خبریں :