22 اکتوبر ، 2021
کرکٹ ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنا ہر بیٹسمین کی خواہش ہوتی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ رنز، ففٹیز یا سنچریاں بناکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائے۔
بیٹسمین زیادہ رنز بناکر سرخیوں کی زینت بنتے ہیں لیکن ہم آج آپ کو ایک منفرد ریکارڈ کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو اپنی نوعیت کا انوکھا ریکارڈ ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ کس کے پاس ہے؟
نہیں جانتے تو ہم آپ کو بتاتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے پاس ہے۔
شاہد خان آفریدی 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 32 مقابلوں میں 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں اور یوں انہوں نے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کررکھا ہے۔
اسی فہرست میں سری لنکاکے تلکارتنے دلشان بھی آفریدی کے ساتھ ہی ہیں لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 34 اننگز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی 32 اننگز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی کی ان 5 ٹی ٹوئنٹی اننگز پر نظر ڈالتے ہیں جن میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل ( پاکستان بمقابلہ بھارت )
2009 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)
2010 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ انگلینڈ)
2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا)
2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل ( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہد آفریدی ان 5 اننگز میں ہر بار پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئےہیں جبکہ ان 5 میچز میں سے پاکستان صرف جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہی کامیابی حاصل کرسکا۔
اس کے علاوہ شاہد آفریدی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ اس فہرست میں سری لنکن بیٹسمین جے سوریا پہلے نمبر پر ہیں۔
سابق کپتان 398 ون ڈے میچز میں 30 بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔