پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2021

روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچا: گورنر اسٹیٹ بینک کی انوکھی منطق

مانچسٹر: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہےکہ روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

مانچسٹرمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل سب کے سامنے آئے گی اور کوئی ایسی ڈیل نہیں کی جائےگی جس سے ملکی معیشت کو مزید نقصان ہو۔

ڈالر اور روپے کی قدر سے متعلق رضا باقر نے کہا کہ روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے، اس فائدے کو بھی مد نظر رکھا جائےکہ کتنے لوگ مستفید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایف اےٹی ایف کی 27 میں سے 26 شرائط پوری کردیں لہٰذا پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائےگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان دیگر ممالک سے بھی سی پیک طرز کے معاہدے کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے مالی سال جی ڈی پی گروتھ تقریباً 4 فیصد رہی اور 4 فیصد رئیل جی ڈی پی کا مطلب ہےکہ مہنگائی کے مقابلے میں عوام کی آمدنی میں بھی 4 فیصد اضافہ ہوا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے اس پر جلد قابو پالیں گے، برآمدی چیزیں خریدنے والوں کو زیادہ مہنگائی محسوس ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پرہیں۔

مزید خبریں :