23 اکتوبر ، 2021
منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان نے ہائیکورٹ میں دائر اپیل میں واٹس ایپ چیٹ سے متعلق وضاحت پیش کردی۔
آریان کے وکلا نے خصوصی عدالت کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ہائیکورٹ کا رخ کیا جس کی تفصیلات بھارتی میڈیا نے جاری کردی ہیں۔
آریان خان نے اپنے وکلا کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ تفتیشی افسر کی جانب سے ان کی واٹس ایپ چیٹس جس طرح پیش کی گئی ہیں وہ بالکل غلط ہے، این سی بی نے ایسا اس لیے کیا تاکہ انہیں منشیات ضبط کرنے کے معاملے میں ملوث ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے اپیل میں مزید کہا کہ این سی بی نے جن واٹس ایپ چیٹس کو بنیاد بنایا وہ دراصل پرانی چیٹ ہے، کسی بھی طرح ان مبینہ واٹس ایپ چیٹس کو کسی سازش سے نہیں جوڑا جا سکتا جس کے لیے کوئی خفیہ معلومات موصول ہوئی ہوں۔
خیال رہے کہ 20 اکتوبر کو ہونے والی ضمانت کی درخواست کی سماعت پر این سی بی کی جانب سے عدالت میں آریان اور اداکارہ اننیا پانڈے کی واٹس ایپ چیٹ پیش کی گئی تھی جس میں ان دونوں نے منشیات سے متعلق گفتگو کی تھی۔