Time 27 اکتوبر ، 2021
پاکستان

وزیراعظم کا کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار، راستے بند کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ پر روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو ٹی ایل پی کے احتجاجی مارچ پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ جہلم پل پر رینجرز تعینات کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کالعدم تنظیم کے غیرقانونی مطالبات نہ ماننے کا فیصلہ کیا جبکہ وفاقی کابینہ نے ریاست کی رٹ قائم رکھنےکا بھی فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیم کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نے شہریوں کا راستہ روکنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنان کاکام نہیں اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا، سیاسی مقاصد کیلئے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنے دیں گے۔

مزید خبریں :