امریکی کمپنی کا ملازمین کو 10 ہزار ڈالر اور 2 فضائی ٹکٹ دینے کا اعلان

گارمنٹس کمپنی کی خاتون مالک نے ایک دوسری کمپنی کے ساتھ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ڈیل کی خوشی میں اپنے ملازمین کے لیے بونس کا اعلان کیا۔ فوٹو: فائل
گارمنٹس کمپنی کی خاتون مالک نے ایک دوسری کمپنی کے ساتھ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ڈیل کی خوشی میں اپنے ملازمین کے لیے بونس کا اعلان کیا۔ فوٹو: فائل 

امریکا کی ایک گارمنٹس کمپنی نے اپنے ملازمین کو 10 ہزار ڈالر اور دو فضائی ٹکٹس بطور بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گارمنٹس کمپنی کی خاتون مالک نے ایک دوسری کمپنی کے ساتھ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ڈیل کی خوشی میں اپنے ملازمین کے لیے ایک مرتبہ کے بونس کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دو دہائی قبل در در جا کر فیکس مشینیں فروخت کرنے والی سارا بلیکلے نے گارمنٹس کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا اور پھر 2012 میں وہ اپنی مدد آپ کے تحت دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی خاتون بن گئیں۔

اب ایک ملٹی نیشنل کمپنی نے بڑے پیمانے پر گارمنٹس کمپنی کے شیئرز خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جس کی خوشی میں کمپنی کی خاتون مالک نے اپنے تمام ملازمین کے لیے 10 ہزار ڈالر اور دنیا میں کہیں بھی جانے کے لیے دو فضائی ٹکٹس بطور بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔

ملازمین سے خطاب میں گارمنٹس کمپنی کی خاتون مالک کا کہنا تھا کہ جب کمپنی بنائی تو سب نے میرا مذاق اڑایا لیکن ہم نے ہمت نہ ہاری اور آج ہماری کمپنی میں بڑی تعداد میں خواتین ورکرز کام کر رہی ہیں۔

خاتون مالک کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کمپنی سے معاہدے کی خوشی میں تمام ملازمین کے لیے دو فضائی ٹکٹس کا اعلان کرتی ہوں اور  پھر جب آپ لوگ ٹرپ پر جائیں گے تو آپ لوگوں کو اچھا کھانا اور رہنے کے لیے اچھا ہوٹل بھی چاہیے ہو گا تو اس کے لیے 10 ہزار ڈالر علیحدہ سے دیے جائیں گے۔

مزید خبریں :