31 اکتوبر ، 2021
انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم11سال پرانی کرکٹ کھیل رہی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں مائیکل وان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم 2010 کی کرکٹ کھیل رہی ہے، اب کھیل کافی آگے بڑھ چکا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں مائیکل وان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو دیگر ممالک کی لیگز کھیلنے کی بھی اجازت دے تاکہ انہیں زیادہ تجربہ حاصل ہوسکے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
دبئی میں کھیلےگئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کیویز بولرز کے سامنے بھارتی بیٹسمینوں کی ایک نہ چلی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور بیٹسمین کوئی خاطر خواہ رنز نہ بناسکے، بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 110 رنز بناسکی۔
جواب میں کیویز نے 111 رنز کا آسان ہدف 15 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، اس طرح بھارت کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات محدود ہوگئے ہیں اور بھارتی ٹیم اگر مگر کی صورتحال کا شکار ہوچکی ہے۔