01 نومبر ، 2021
سرکاری ٹی وی پر لائیو پروگرام کے دوران قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور پروگرام کے میزبان نعمان نیاز کے درمیان تلخ کلامی کے معاملےکی ابتدائی رپورٹ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) عامر منظور نے اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات کی اور معاملے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ سے آگاہ کیا۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری سے سابق غیر ملکی کرکٹر ویوین رچرڈز اور ڈیوڈ گاور نے بھی ملاقات کی۔
سابق عالمی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ دوستانہ ماحول میں ٹرانسمیشن ہورہی تھی، شو کے دوران ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو سرکاری ٹی وی پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے ویوین رچرڈز اور ڈیوڈ گاور سمیت دیگر مہمانوں کے سامنے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔
شعیب اختر نے معاملےکو رفع دفع کرنےکی کوشش کی لیکن جب بات نہ بنی تو شعیب اختر ناصرف شو چھوڑ کر چلے گئے بلکہ انہوں نے پی ٹی وی سے معاہدہ بھی ختم کرنےکا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ایم ڈی پی ٹی وی کررہے ہیں۔