Time 02 نومبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار کی آنکھیں بعد از مرگ عطیہ کردی گئیں

اداکار پنیت راج کمار جِم میں ورزش کے دوران اچانک گرپڑے تھے__فوٹو فائل
 اداکار پنیت راج کمار جِم میں ورزش کے دوران اچانک گرپڑے تھے__فوٹو فائل 

چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے والے ساؤتھ انڈین اداکار پنیت راج کمار کی آنکھیں بینائی سے محروم افراد کو عطیہ کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زندگی میں سماجی کاموں میں پیش پیش رہنے والے آنجہانی اداکار کی آنکھوں سے 4 افراد کی بینائی واپس آئی جن میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں تاہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اداکار کی آنکھیں ایڈوانس ٹیکنالوجی کے تحت چار افراد کو عطیہ کی گئیں، اس تکنیک کے تحت آنکھ کے کورنیا کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جس کے بعد اس کا ہر حصہ مختلف مریضوں کو عطیہ کردیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو کے آنکھوں کے اسپتال 'نارایانا نیتھرالیا' کے چیئرمین ڈاکٹر بھجنگ شیٹی نے بتایا کہ یہ تکنیک ریاست کرناٹکا میں پہلی بار استعمال کی گئی جس میں آنکھوں کو بیک وقت چار لوگوں کو عطیہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اداکار پنیت راج کمار جِم میں ورزش کے دوران اچانک گرپڑے تھے جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں آئی سی یو منتقل کیا تاہم وہ دم توڑ گئے۔

مزید خبریں :