10 نومبر ، 2021
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں مزید نیچے چلے گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 839 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 800 ریٹنگ پوائٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقا کے ایڈم مارکرم تین درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی 4 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ چوتھے اور بھارت کے لوکیش راہول پانچویں پوزیشن پر ہیں جبکہ محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں پہلی چاروں پوزیشنز پر اسپنرز کا قبضہ ہے اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ان چار میں سے تین لیگ اسپنر ہیں جبکہ ایک آرتھو ڈکس بولر ہے۔
سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ دوسرے تیسرے اور چوتھے نمبر پر بالترتیب تبریز شمسی، عادل راشد اور راشد خان موجود ہیں۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بدستور 11 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم ایک ایک درجے ترقی پا کر بالترتیب 23ویں اور 24ویں نمبر پر آ گئے ہیں، قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کا رینکنگ میں 20واں نمبر برقرار ہے۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر ہے جبکہ شکیب الحسن دوسرے اور ونندو ہسارنگا تیسرے نمبر پر ہیں۔