12 نومبر ، 2021
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ججز کمزور لوگ ہوتے ہیں ان کے ہاتھ آئین و قانون نے باندھ رکھے ہیں۔
سپریم کورٹ میں جائیداد کے تنازع سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
دورانِ سماعت جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ ججز نے قانون پر عمل کرنے کا حلف اٹھا رکھا ہے، غیر قانونی چیزوں کو نظر انداز کرنے لگے تو نظام ختم ہو جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ ججز کمزور لوگ ہوتے ہیں، ان کے ہاتھ آئین و قانون نے باندھ رکھے ہیں، قانون کو ردی کی ٹوکری میں نہیں ڈال سکتے۔
معزز جج کا کہنا تھا کہ ججز قانون بناتے نہیں اس کی تشریح کرتے ہیں، وکلاء کا کام ہماری معاونت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا اپیل درخواست گزار کا حق اور نظرثانی جج کی صوابدید پر منحصر ہے۔