Time 13 نومبر ، 2021
دنیا

فضائی آلودگی: نئی دہلی میں دو روز کیلئے لاک ڈاؤن کی تجویز

بھارتی سپریم کورٹ نے نئی دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شہر میں دو روز کے لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مرکزی حکومت سے نئی دہلی کی فضائی آلودگی سے متعلق ایمرجنسی پلان طلب کرلیا۔

بھارتی چیف جسٹس این وی رمانا نے ریمارکس دیے کہ نئی دہلی اور اس کے قریبی شہر ایک ہفتے سے اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، آپ دیکھیں صورتحال کتنی خراب ہے، ہمیں اپنے گھروں میں بھی ماسک کا استعمال کرنا پڑرہا ہے، مرکزی حکومت اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر ایمرجنسی پلان تشکیل دے۔

بھارتی چیف جسٹس نے ریاست نئی دہلی اور مرکزی حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب پر کہا کہ حکام نے بتایا کہ وہ ایمرجنسی اقدامات اٹھانے کے لیے کیا منصوبہ بندی کرتے ہیں، کیا دو روز کا لاک ڈاؤن لگادیں؟ ائیر کوالٹی انڈیکس کی بہتری کے لیے حکومت کے پاس کیا منصوبہ بندی ہے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی حکومت نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں اعتراف کیا ہےکہ نئی دہلی کی فضا میں سانس لینا روزانہ 20 سگریٹس پینے جیسا ہے لیکن ہم صورتحال کی بہتری کے لیے تیار ہیں۔

عدالت نے ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ نئی دہلی میں آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا جارہا ہے؟ حکومت اس سلسلے میں فوری طور پر اپنے پلان سے آگاہ کرے۔

مزید خبریں :