16 نومبر ، 2021
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ چھوٹی پارٹیوں پرپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جانےکے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ہاتھ مروڑ کر قانون بنائیں گے تو اس کی کوئی وقعت نہیں ہوگی۔
کوئٹہ میں میڈیا سےگفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ رانا شمیم کے بیان کی عدالتی تحقیقات کی جائیں ، یہ چوتھا ایسا جج ہے جو آن ریکارڈ اور حلفیہ بیان دے رہا ہے، ہر چیز پر مٹی پاؤ کی پالیسی سے کام نہیں چلےگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت چل نہیں رہی ،چلائی جارہی ہے ،چھوٹی پارٹیوں پرپارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں جانےکے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے، اپوزیشن ارکان کو بھی کالیں آئی ہیں کہ مشترکہ اجلاس میں نہیں آنا، ہاتھ مروڑ کر قانون بنائیں گے تو اس کی کوئی وقعت نہیں ہوگی۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ ملک جبر کے تحت چل رہا ہے، ان کے پاس رپورٹس ہیں کہ کن کن لوگوں کوسیف ہاؤسز میں لے جایا گیا، حکومت کے پاس زبردستی والی اکثریت ہے، حکومت چل نہیں رہی، چلائی جارہی ہے، وہ چلنے والوں اور چلانے والوں دونوں کو جانتے ہیں، یہ سب کچھ 19نومبر سے پہلےکرنا سارے معاملےکو مشکوک بناتا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 17 نومبر بدھ کو بلانے کا اعلان کیا ہے، اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل سمیت دیگر بلز پیش کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 11 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم بعد میں حکومت نے اجلاس مؤخر کردیا تھا۔