کھیل
Time 18 نومبر ، 2021

چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارتی ٹیم پاکستان آئیگی یا نہیں؟ بھارتی وزیر کھیل کا اہم بیان

2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میدان پاکستان میں سجے گا/ فوٹو آئی سی سی
2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میدان پاکستان میں سجے گا/ فوٹو آئی سی سی

2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میدان پاکستان میں سجے گا لیکن روایتی حریف بھارت کی اب تک اس اہم ایونٹ میں شرکت  یقینی نہیں ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کی شرکت سے متعلق فیصلہ بھارتی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہےکہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی سکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی ہم ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور وزارت داخلہ پہلے ہی اپنا فیصلہ کرچکی ہے، جب اس طرح کے عالمی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں تو کئی چیزیں زیر غور ہوتی ہیں۔

انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کئی ممالک پاکستان کی بہتر سکیورٹی صورتحال نہ ہونے کے باعث وہاں جانے سے انکار کرچکے ہیں، اس لیے پاکستان میں سکیورٹی سب سے اہم چیلنج ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے جب وہ وقت آئے گا تو بھارتی حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی ہے۔

مزید خبریں :