19 نومبر ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج جسٹس رانا شمیم کوتوہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبرشائع کرنے کے کیس میں عدالت نے شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔
عدالت نے توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس جاری رانا شمیم کو 30 نومبرکو طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی سپریم ایپلٹ کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
گلگت بلتستان کے سینیئر ترین جج نے پاکستان کے سینیئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا ہے کہ ’میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں۔ جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا‘۔
تاہم ان الزامات کی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تردید کی ہے۔