20 نومبر ، 2021
افغانستان سے چین برآمد ہونے والے 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں آن لائن فروخت ہوگئے۔
افغانستان اور چین کے درمیان چلغوزوں کی تجارت جاری ہے اور کئی فلائٹس سیکڑوں ٹن چلغوزہ چینی مارکیٹوں تک پہنچا چکی ہیں۔
چینی مارکیٹ میں افغانستان سے برآمد شدہ چلغوزوں کی طلب بڑھتی ہی جارہی ہے اور 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی آن لائن فروخت ہوئے ہیں۔
حال ہی میں افغانستان میں چینی سفیر وانگ یو نے ٹوئٹ میں بتایا کہ افغانستان سے اب تک چلغوزوں کی 10 فلائٹس پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 26 ٹن چلغوزہ چند منٹوں میں ہی آن لائن فروخت ہوگیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ چلغوزوں کے بعد اب افغانستان سے ڈرائی فروٹ (خشک میوہ جات) کی بھی تجارت ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان اور چینی وزرائے خارجہ نے ملاقات کی تھی جس میں افغان وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو چلغوزوں کا تحفہ پیش کیا تھا۔
اس ملاقات کے بعد چین اور افغانستان کے درمیان تجارت بھی شروع ہوگئی تھی۔